ریاض، 17مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی پشت پناہی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین بھیجے گئے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ تہران انسانیت کے خلاف جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ عرب اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ دہشت گردی کی پشت پناہی کی ایرانی پالیسی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنے مخصوص انقلابی نظریے کو اور انتہا پسندانہ طرز فکر کو دوسرے ملکوں کو درآمد کررہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور عراق میں کئی فرقہ پرست گروپوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ان دہشت گردوں کو ایران کی طرف سے اسلحہ اور رقوم فراہم کی جاتی ہیں۔سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمن میں باغیوں کی مدد کرکے ایران نے سعودی عرب کی سلامتی بھی خطرے میں ڈال دی ہے۔